نئی دہلی، 27؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دہلی ہائی کورٹ نے نئی دہلی میونسپل کونسل(این ڈی ایم سی)کی طرف سے تاج مان سنگھ ہوٹل کی نیلامی کے خلاف انڈین ہوٹل کمپنی لمیٹڈ(آئی ایچ سی ایل )کی درخواست مسترد کر دی ہے۔آئی ایچ سی ایل تاج مان سنگھ ہوٹل چلاتا ہے۔جسٹس پردیپ نندراجوگ اور جسٹس پرتبھا رانی کی بنچ نے اپنے فیصلے میں کہاکہ درخواست مسترد کی جاتی ہے۔بنچ نے 24؍اکتوبر کوآئی ایچ سی ایل کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔اس میں سنگل جج کے اس حکم کو چیلنج کیا گیا تھا جس میں این ڈی ایم سی کے لیے اس املاک کی نیلامی روکنے کا حکم دینے کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔سنگل جج نے اس کے علاوہ 5 ؍ستمبر کے اپنے فیصلہ میں آئی ایچ سی ایل کے اور مدت کے لیے لائسنس کی تجدید سے متعلق درخواست کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمپنی توسیع حاصل کرنے کی اہل نہیں ہے۔این ڈی ایم سی کی ملکیت والی اس املاک کو آئی ایچ سی ایل کو 33سال کی لیز پر دیا گیا تھا۔یہ لیز 2011میں ختم ہو گئی ۔اس کے بعد مختلف بنیاد پر کمپنی کو اس میں 9 مرتبہ عارضی توسیع دی گئی ۔اس میں سے تین توسیع تو صرف گزشتہ سال ہی دی گئی تھی ۔این ڈی ایم سی نے اس سال جنوری میں کہا تھا کہ وہ ہوٹل کی نیلامی کے لیے املاک کا اندازہ لگا رہی ہے۔اس املاک کی نیلامی میں پہلے ہی کافی تاخیر ہو چکی ہے۔